Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

جاپان میں سیاحوں کی نئی مشکل، پرانے سوٹ کیس چھوڑنے والوں کیلئے سخت سزاؤں کی تیاری

 ٹوکیو: جاپان میں غیر ملکی سیاحوں کی ریکارڈ آمد کے ساتھ ایک نیا مسئلہ سامنے آگیا، بڑی تعداد میں سیاح اپنے پرانے سفری بیگز سڑکوں، ہوٹلوں اور عوامی مقامات پر چھوڑ کر جا رہے ہیں، جس پر مقامی حکام نے سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے علاقے توشیما میں سیاحوں کی جانب سے لاوارث سوٹ کیس چھوڑنے کے واقعات میں اضافے کے بعد نئے ضابطے متعارف کرانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق 2025 کے دوران علاقے میں تقریباً 290 لاوارث سفری بیگز ملے۔

مقامی انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ مارچ 2027 کے اختتام تک نیا ضابطہ جاری کیا جائے، جس کا اطلاق اپریل 2027 سے متوقع ہے۔ اس کے تحت سڑکوں اور عوامی مقامات پر بیگز پھینکنے یا غیر قانونی طور پر تلف کرنے والوں کے خلاف جرمانے اور دیگر سزائیں عائد کی جا سکیں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ بعض سیاح جاپان میں خریداری اور یادگاری اشیا کے لیے اضافی جگہ بنانے یا ایئرلائنز کی اضافی سامان فیس سے بچنے کی خاطر اپنے پرانے بیگز چھوڑ جاتے ہیں۔ کمزور جاپانی کرنسی کے باعث کچھ سیاح نئے اور سستے بیگز بھی خرید لیتے ہیں۔

یہ مسئلہ خصوصاً ایکیبوکورو اسٹیشن کے اطراف زیادہ نمایاں ہے، جہاں ہوٹلوں اور عارضی رہائشی سہولتوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ مقامی رہائشیوں نے بھی سڑکوں پر لاوارث بیگز کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں ٹوکیو میں تقریباً 4 ہزار 600 سفری بیگز گمشدہ یا لاوارث اشیا کے طور پر رپورٹ ہوئے، جبکہ 2022 میں یہ تعداد 2 ہزار 600 تھی۔ ان میں سے تقریباً 70 فیصد بیگز کا کوئی دعویدار سامنے نہیں آتا۔

جاپان کے ہوائی اڈے بھی اس مسئلے سے متاثر ہیں۔ ناریتا ایئرپورٹ پر 2025 میں 1201 لاوارث بیگز ملے، جبکہ کانسائی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صرف اپریل سے اگست کے دوران 315 بیگز رپورٹ ہوئے۔ چوبو سینٹپریئر ایئرپورٹ پر بھی ہر ماہ تقریباً 50 بیگز ملنے کی اطلاعات ہیں۔

جاپانی قوانین کے مطابق غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے پر 5 سال تک قید یا ایک کروڑ جاپانی ین تک جرمانہ ہو سکتا ہے، تاہم اس سزا کا اطلاق ہر لاوارث بیگ کے معاملے میں خودکار طور پر نہیں ہوتا بلکہ متعلقہ قانونی خلاف ورزی کی نوعیت دیکھی جاتی ہے۔

دوسری جانب توشیما انتظامیہ نے پرانے بیگز ٹھکانے لگانے کے لیے نجی کمپنیوں کے ساتھ بھی معاہدے کیے ہیں۔ ایک کمپنی مخصوص مراکز پر بیگز وصول کرتی ہے جبکہ دوسری کمپنی فی بیگ 2500 جاپانی ین کے عوض انہیں جمع کرتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض اداروں نے اس مسئلے کو ماحول دوست طریقے سے حل کرنے کا راستہ بھی نکال لیا ہے۔ ٹوکیو کے ایک ہوٹل میں 2023 سے مہمانوں کے چھوڑے گئے سوٹ کیسز کو چھت پر سبزیاں اگانے کے لیے گملوں کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ان سبزیوں کو ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ جاپان میں 2025 کے دوران ریکارڈ 4 کروڑ 26 لاکھ 80 ہزار غیر ملکی سیاح آئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 15.8 فیصد زیادہ تھے۔ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ لاوارث بیگز کا مسئلہ بھی جاپانی حکام کے لیے ایک نیا چیلنج بنتا جا رہا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More