Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

اوتھل کی تاریخ کی بڑی بینک ڈکیتی کا معمہ حل، 20 کروڑ لوٹنے والے پانچوں ملزمان یونیورسٹی کے طالب علم نکلے، ماسٹر مائنڈ سمیت 3 گرفتار

 اوتھل:   لسبیلہ پولیس نے ڈیڑھ سال قبل نیشنل بینک اوتھل میں ہونے والی تقریباً 20 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کا سراغ لگا لیا، واردات کے مرکزی منصوبہ ساز سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث پانچوں ملزمان لسبیلہ یونیورسٹی کے موجودہ یا سابق طالب علم ہیں، جبکہ مرکزی ملزم کے بینک اکاؤنٹ سے تقریباً 17 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔

ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے اوتھل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فروری 2025 میں صبح ساڑھے آٹھ سے نو بجے کے درمیان نیشنل بینک اوتھل میں تقریباً 20 کروڑ روپے اور لاکھوں روپے کی ڈکیتی کی گئی تھی۔ واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر اس وقت کے ایس ایچ او اوتھل یار محمد کمانڈو کو دو گولیاں ماری گئی تھیں، جس کے نتیجے میں ان کی ایک ٹانگ اور ایک آنکھ متاثر ہوئی جبکہ وہ اپنی ایک آنکھ سے محروم ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی کے مطابق پولیس تحقیقات میں واردات میں پانچ افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن میں زوہیب، بلال اکرم، مرتضیٰ، جبار اور بلال حمید شامل ہیں۔ حیران کن طور پر یہ تمام افراد لسبیلہ یونیورسٹی کے طالب علم یا سابق طالب علم ہیں۔ پولیس نے زوہیب کو ڈکیتی کا مرکزی منصوبہ ساز قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اسی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی تھی۔

نجیب اللہ پندرانی نے بتایا کہ پولیس کو زوہیب کے حوالے سے پہلے سے اطلاعات حاصل تھیں، جن کی بنیاد پر اسے گرفتار کیا گیا۔

 

گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے ایک بندوق بھی برآمد ہوئی، جس پر الگ مقدمہ درج کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے بینک ڈکیتی میں پانچ افراد کی شمولیت اور لوٹی گئی رقم کی تقسیم سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے کچھ رقم برآمد کرلی گئی ہے، جبکہ مزید رقم کی بازیابی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ملزمان کے موبائل فون قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کیس میں استعمال ہونے والی بعض گاڑیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزمان نے واردات کے لیے سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی تھی، جس کا بعد میں رنگ تبدیل کرکے سیاہ کردیا گیا تاکہ شناخت سے بچا جاسکے۔ واردات کے دوران استعمال ہونے والی وردیاں بھی آن لائن منگوائی گئی تھیں۔

ایس ایس پی کے مطابق مالی معاملات کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈکیتی سے قبل مرکزی ملزم زوہیب کے بینک اکاؤنٹ میں معمولی رقم کی ٹرانزیکشنز ہوتی تھیں، تاہم گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اس کے اکاؤنٹ سے تقریباً 17 کروڑ روپے کی مالی لین دین کا ریکارڈ سامنے آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈکیتی کے بعد اوتھل کے کاروباری شخص کرشنا کے ذریعے بھی تقریباً پونے تین کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن کی گئی۔ ملزمان اسے نقد رقم فراہم کرتے تھے، جسے وہ اپنے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے آگے منتقل کرتا تھا۔ کرشنا نے اس حوالے سے اعتراف کیا ہے اور مجسٹریٹ کے روبرو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت بیان بھی ریکارڈ کرایا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کو ڈیڑھ سال گزرنے کے باعث لوٹی گئی رقم مختلف مقامات پر منتقل ہونے کے علاوہ سرمایہ کاری میں بھی استعمال ہوچکی ہے۔ پولیس بینک اسٹیٹمنٹس اور دیگر مالی شواہد کی مدد سے رقم کی منتقلی کا سراغ لگانے اور مزید ریکوری کے لیے کام کر رہی ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ جبار، بلال حمید اور زوہیب کے بھائی یار محمد کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ کیس میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ تفتیش کے حساس پہلوؤں کے باعث بعض تفصیلات فی الحال منظر عام پر نہیں لائی جا سکتیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجیب اللہ پندرانی نے کہا کہ اس کیس کی تفصیلات میڈیا کے سامنے رکھنے کا مقصد عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ لسبیلہ پولیس کسی بھی جرم کا تعاقب نہیں چھوڑتی۔ جرم کتنا ہی پرانا کیوں نہ ہو، پیشہ ورانہ تفتیش اور مسلسل محنت کے ذریعے ملزمان تک پہنچ کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 24 سے 26 سال کی عمر کے نوجوانوں کو تعلیم حاصل کرکے اپنے والدین اور معاشرے کی امیدوں پر پورا اترنا چاہیے تھا، لیکن انہوں نے اپنی صلاحیتیں تعلیم اور جائز روزگار کے بجائے سنگین جرائم میں استعمال کیں، جو ان کے خاندانوں اور پورے معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

ایس ایس پی نے واضح کیا کہ لسبیلہ پولیس عوام کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ضلع میں پیش آنے والے ہر چھوٹے بڑے واقعے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

پریس کانفرنس میں ڈی ایس پی راحق علی شاہ، ڈی ایس پی اوتھل عبدالوحید مگسی، ایس ایچ او بیلہ یار محمد کمانڈو، سب انسپکٹر حافظ عبدالرزاق رونجھو، سب انسپکٹر نذیر احمد رونجھو، پی آر او ایس ایس پی لسبیلہ بشیر احمد رونجھو اور اے ایس آئی محمد ہاشم شاہوک بھی موجود تھے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More