\- اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اپنے مقاصد حاصل ہونے تک برقرار رہے گا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ فی الحال باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور رابطے ضرور ہوتے رہتے ہیں، تاہم اس وقت کسی قسم کے باضابطہ مذاکرات کا سلسلہ جاری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اپنے طے شدہ مقاصد کے حصول تک نافذ رہے گا، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان کی مدد سے دہشت گردی کا ناسور پھیل رہا ہے، اس چیلنج سے نمٹنا ناگزیر ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے گورنر راج سے اختلاف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو اختلاف رائے کا پورا حق حاصل ہے، حکومت ان سے محاذ آرائی نہیں چاہتی اور معاملہ صرف سیاسی اختلاف کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح مولانا فضل الرحمان کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے، اسی طرح حکومت کو بھی ان کی رائے سے اختلاف کرنے کا حق حاصل ہے۔
پنجاب میں کرپشن سے متعلق وفاقی وزیر چوہدری سالک کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر کسی کے پاس الزامات کے حق میں ثبوت موجود نہیں تو اسے ایسے دعوے نہیں کرنے چاہئیں۔ چوہدری سالک خود بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کے پاس ان الزامات کے حوالے سے کوئی ثبوت نہیں۔