سلامتی کونسل نے پاکستان کا پیش کردہ صدارتی بیان منظور کر لیا، جنگ کے دوران بھی سفارت کاری جاری رکھنے پر زور
نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو اہمیت دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ صدارتی بیان منظور کر لیا، جس میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ مسلح تنازعات کے دوران بھی سفارتی رابطے برقرار رکھے جائیں اور جنگ بندی سمیت کشیدگی میں کمی کے لیے مسلسل اقدامات کیے جائیں۔
فعال جنگی حالات میں سفارت کاری کا کردار کے عنوان سے منظور کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سفارت کاری کی اہمیت کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جاتی ہے۔ سفارتی رابطوں کے ذریعے شہریوں کی جانوں کا تحفظ، تشدد میں کمی، انسانی امداد کی فراہمی اور تنازعات کو مزید پھیلنے سے روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔
سلامتی کونسل نے متحارب فریقین کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے ثالثی، دوستانہ مساعی اور براہ راست یا بالواسطہ رابطوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، خواہ فوجی کارروائیاں جاری ہوں۔
یہ صدارتی بیان نومبر کے لیے سلامتی کونسل کی صدر اور لٹویا کی سفیر سانیتا پاولوتا ڈیس لینڈس کی زیر صدارت منظور کیا گیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تنازعات کے پُرامن حل کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ بیان کا بنیادی پیغام واضح ہے کہ دشمنی اور جنگ چھڑنے کے بعد سفارت کاری کا دروازہ بند نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ایسے حالات میں مذاکرات اور رابطوں کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی یہ کوشش سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کے تسلسل میں کی گئی ہے، جسے جولائی 2025 میں پاکستان کی کونسل صدارت کے دوران متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کے منشور کے تحت عالمی تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا تھا۔
نئے صدارتی بیان میں اس اصول کو مسلح تصادم کے دوران سفارتی روابط برقرار رکھنے کے تناظر میں مزید واضح کیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ مخالف فریقوں کے درمیان رابطے منقطع ہونے سے غلط فہمیوں اور کشیدگی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے، جس سے بچنے کے لیے مسلسل مکالمہ ضروری ہے۔
بیان کے مطابق سفارتی کوششوں کے ذریعے جنگی کارروائیوں کا خاتمہ یا عارضی معطلی، انسانی امداد کی محفوظ فراہمی، شہریوں کا تحفظ اور تنازعات کو علاقائی یا عالمی سطح پر پھیلنے سے روکنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
سلامتی کونسل نے واضح کیا کہ صرف جنگ ختم کرنا کافی نہیں بلکہ جنگ بندی کے بعد بھی سیاسی اور سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ تنازع کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔
کونسل نے انفرادی ممالک کے سفارتی اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ثالثی، دوستانہ مساعی اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ علاقائی اور ذیلی علاقائی تنظیموں کی ثالثی کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنے نمائندوں، خصوصی ایلچیوں اور ثالثوں کے ذریعے مذاکرات اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔ سیکریٹری جنرل سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ سفارتی اقدامات اور کشیدگی میں کمی کے لیے ہونے والی پیش رفت سے سلامتی کونسل کو آگاہ کرتے رہیں۔
سلامتی کونسل نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام سفارتی کوششیں اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونی چاہئیں۔ عالمی عدالت انصاف سمیت اقوام متحدہ کے دیگر اداروں کے کردار کو بھی تسلیم کیا گیا۔
سفیر سید حیدر شاہ کے مطابق صدارتی بیان کی منظوری سے مختلف تنازعات کے تجربات کو ایک مشترکہ فریم ورک میں سمو دیا گیا ہے، جو موجودہ اور مستقبل کے تنازعات میں سفارتی کوششوں کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت کثیرالجہتی نظام، مکالمے اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
[…] موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنون […]
[…] دعا میں پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، امتِ مسلمہ کے […]