\- اسلام آباد: دفتر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کے دیرینہ تنازع کے حل کیلئے دو ریاستی فارمولے پر جلد عملدرآمد ناگزیر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اپنے بیان میں بتایا کہ آر فور ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس استنبول میں ہوا، جس میں فلسطین، یمن، امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازعات سمیت آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے۔ یہ ریاست 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔ پاکستان نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان یمن اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حوثی حملوں کی مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب سمیت یمن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ علاقائی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتی کوششوں کو ضروری قرار دیتے ہوئے جاری سفارتی اقدامات، بشمول اسلام آباد مفاہمتی یادداشت، کا خیرمقدم کیا گیا۔
سجاد حیدر خان نے آبنائے ہرمز میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت بحال کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کے مطابق 23 اکتوبر کو آر فور ممالک کے وزرائے خارجہ نے فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ سے استنبول میں ملاقات کی، جس میں اہم علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئے۔
ترجمان نے اردن میں پیش آنے والے واقعے پر حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اردن کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 26 اکتوبر کو سعودی عرب کے مکہ اور مدینہ کے علاقوں پر حوثی بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان کے بقول مقدس مقامات کے قریب ایسے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں اور اسلامی مقدس مقامات کے تقدس کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہیں۔
سجاد حیدر خان نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور مکہ اتحاد برائے دفاع سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے خانہ کعبہ اور مسجد نبویؐ کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے۔
[…] اور انتظامی یونٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا ہے، پاکستان میں بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ […]