اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز پر غور کیا جانا چاہئے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کے متعدد ممالک میں بہتر انتظامی نظام کے لیے صوبوں اور انتظامی یونٹس کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا ہے، پاکستان میں بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ماضی میں ملک کے تمام صوبوں کو ضم کرکے ون یونٹ قائم کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے باعث عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، افغانستان میں بھی صوبوں کی تعداد 8 سے 10 سے بڑھا کر 30 سے 32 تک کی گئی۔
خواجہ آصف کے مطابق انتظامی اور سیاسی اختیارات صرف لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور جیسے بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات نچلی انتظامی سطح تک منتقل کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے فراہم کیے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے اختیار میں چلے جاتے ہیں، جبکہ ان کا اصل مقصد بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام تک وسائل پہنچانا ہے۔ بدقسمتی سے بلدیاتی ادارے بھی صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو سمجھنا ہوگا کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں، لیکن سیاسی قیادت تمام اختیارات اپنے پاس رکھنے کی خواہش رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 12 انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز ہے تو اس پر عمل کیا جا سکتا ہے، تاہم نئے یونٹس کی تشکیل میں زبان، نسل یا سیاسی مفادات کے بجائے انتظامی ضروریات اور عوامی سہولت کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہئے۔
[…] موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے سیشن میں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے کی کوشش […]