لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وی آئی پی دورے کے پیش نظر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرانے کی کوشش پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا کو عہدے سے ہٹا دیا، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری اپنی ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دوروں کے دوران شہریوں، خصوصاً طلبہ کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔
مریم نواز شریف کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم نے وی وی آئی پی دورے کو جواز بنا کر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کی، جو ان کی واضح ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سرکاری دوروں کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات کا دوبارہ اجرا کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دوروں کے موقع پر کسی مارکیٹ، دکان یا کاروباری مرکز کو بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کاروباری سرگرمیاں معطل کی جائیں گی۔
جاری احکامات کے مطابق سکیورٹی کے نام پر رہائشی گلیوں کو بند یا سیل کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ان کے دوروں کے دوران شہریوں کی آمدورفت پر پابندی عائد نہ کی جائے بلکہ سکیورٹی انتظامات اس انداز میں کیے جائیں کہ عام لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی یہ ہدایات تمام ریجنل پولیس افسران، ڈسٹرکٹ پولیس افسران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو دوبارہ ارسال کردی گئی ہیں۔