Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ضلع کیچ کے ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، میر ظہور بلیدی کی ہدایت

 تربت: صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ضلع کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں ضلع کیچ میں جاری ترقیاتی اسکیموں، نئے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ منصوبوں پر عمل درآمد اور انہیں مقررہ وقت میں مکمل کرنے سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے صوبائی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور مختلف اسکیموں کی پیش رفت، درپیش مشکلات اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے ہدایت کی کہ ضلع کیچ کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور تعمیراتی کاموں کے معیار، شفافیت اور نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے گریز کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد مستفید ہو سکیں۔

ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ ضلع میں جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور ان کی بروقت تکمیل، معیار اور شفافیت برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More