Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان اور سوڈان کا سکیورٹی، پولیس ٹریننگ اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

 اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، پولیس تربیت، ادارہ جاتی روابط، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کر لیا، جبکہ سائبر کرائم کے شعبے میں جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری سے سوڈانی وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مختلف امور پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے سوڈان میں امن کے قیام اور تعمیر نو کے عمل میں پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے سوڈان میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ سول رجسٹریشن اور نادرا کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے پاکستان اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

سوڈانی وزیر داخلہ کی نشاندہی پر محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت دینے اور سوڈانی شہریوں کو پاکستان میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن سہولت دینے کی پیشکش کی۔

اس موقع پر سوڈانی وزیر داخلہ نے سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برادر ملک ہے اور سوڈان اس کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ڈی جی پاسپورٹ اور اسلام آباد پولیس سمیت مختلف اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ […]

  2. […] ہوگی کہ اپنی موجودہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔ پاکستان میں ایک بڑی انفرادی کارکردگی دکھانا باقی ہے اور وہ اس […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More