کوئٹہ: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے مبینہ اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی۔
این سی سی آئی اے نے ایف آئی آر نمبر 163/2026 کے تحت درج مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو کوئٹہ سے حراست میں لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت ذوالفقار ولد سکندر علی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق سندھ کے شہر حیدرآباد سے بتایا جاتا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم پر کوئٹہ، پشین اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں کروڑوں روپے کے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ایس ایچ او اور تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کی گئی کارروائی کو مقدمے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔