کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کے دسویں روز بھی ثقافتی اور فنکارانہ سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا، جہاں تھائی لینڈ کے روایتی رقص کی ورکشاپ اور آربٹ ڈانس بیٹل کے مقابلوں نے شرکاء کی توجہ حاصل کرلی۔
فیسٹیول کے تحت تھائی لینڈ کے معروف ڈانس گروپ ’’نتایا چولا‘‘ نے کلاسیکی اور روایتی رقص کی خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں مقامی طلباء اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے شرکت کی۔ تھائی فنکاروں نے شرکاء کو صدیوں قدیم شاہی رقص کی حرکات، مخصوص انداز اور ہاتھوں کی پیچیدہ جنبشوں کی عملی تربیت فراہم کی۔
روایتی ملبوسات میں فنکاروں کی دلکش پرفارمنس نے حاضرین کو متاثر کیا، جبکہ شرکاء نے تھائی ثقافت اور کلاسیکی رقص کی فنی مہارتوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب فیسٹیول کے دسویں روز ’’آربٹ ڈانس بیٹل‘‘ کے آڈیشن راؤنڈ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی ناروے سے آئے معروف ڈانسر نوید رضوانی نے کی۔ ناروے کی ڈی جے کیتھرین کی ہپ ہاپ دھنوں پر نوجوان رقاصوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
مقابلے میں معروف ڈانسر مانی چاؤ، نگہت چوہدری اور لوکاس ڈیوین نے ججز کی ذمہ داریاں ادا کیں۔ آڈیشن راؤنڈ میں نوجوان رقاصوں اور شائقین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ پرفارمنس کے دوران ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔
مختلف اندازِ رقص میں سنسنی خیز مقابلوں کے بعد آربٹ ڈانس بیٹل کا فائنل راؤنڈ کل منعقد کیا جائے گا۔