Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

سعودی عرب کی جانب داغے گئے 2 کروز میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

 ریاض: سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سرگرم فوجی اتحاد نے ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقے کی جانب داغے گئے 2 کروز میزائل فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اتحاد کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل ریاض کی طرف آنے والے 2 بیلسٹک میزائل بھی فضا میں ہی تباہ کیے گئے تھے، جس کے بعد سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکوں سے کچھ دیر قبل سعودی سول ڈیفنس نے ریاض کے علاقے میں ہنگامی الرٹ جاری کیا تھا، تاہم بعد میں حکام نے خطرے کی صورتحال ختم ہونے کا اعلان کردیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل حوثیوں کے زیر انتظام یمن کی وزارت صحت نے دعویٰ کیا تھا کہ صنعا کے قریب سعودی فضائی حملوں میں کم از کم 33 افراد ہلاک اور 39 زخمی ہوئے۔

حوثیوں کے زیر انتظام سرکاری خبر رساں ادارے صبا کے مطابق حملوں میں صنعا کے مشرق میں واقع حوثیوں کے مضبوط گڑھ بنی حشیش کے ایک قصبے میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے مرکز برائے بین الاقوامی مواصلات نے کہا تھا کہ متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More