Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

امریکا میں جی 20 اجلاس، صدر پوتن کی شرکت کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا: کریملن

 ماسکو: روس نے واضح کیا ہے کہ صدر ولادیمیر پوتن کی امریکا میں ہونے والے آئندہ جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے روسی صدر کے ممکنہ دورہ امریکا سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی دوروں کے انتظامات آسان نہیں ہوتے بلکہ اس دوران متعدد سفری، انتظامی اور عملی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

روسی ٹی وی کے صحافی پاویل زاروبن کے سوال پر دمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ صدر پوتن کی جی 20 اجلاس میں ممکنہ شرکت کے بارے میں فی الحال قبل از وقت کوئی بات نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اس نوعیت کے دوروں کے لیے وسیع انتظامات درکار ہوتے ہیں۔

ان سے سوال کیا گیا تھا کہ اگر روسی صدر کی چین کے شہر شینزن میں امریکی اور چینی صدور سے ممکنہ ملاقات ہوتی ہے تو کیا وہ اس کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت کرسکتے ہیں؟

اس پر کریملن ترجمان نے محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اس امکان کے بارے میں ابھی کوئی حتمی رائے قائم کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ آئندہ جی 20 سربراہی اجلاس 14 اور 15 دسمبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے قریب ڈورل میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا کی بڑی معیشتوں کے رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی روسی صدر ولادیمیر پوتن کو جی 20 اجلاس میں مدعو کرنے اور ان کی شرکت دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔

کریملن کے تازہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ اجلاس میں روسی صدر کی ذاتی شرکت کا معاملہ ابھی زیر غور ہے اور ماسکو کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More