کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یوم اقبال کے موقع پر شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال کے افکار عدل، مساوات، خودی، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا آفاقی پیغام دیتے ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے علامہ اقبال کے شعر ’’ہو میرا کام غریبوں کی حمایت کرنا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعر محروم اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اقبال کے نظریات کی عکاسی کرتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ معاشرے کے غریب، کمزور اور محروم افراد کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرے اور انہیں باوقار زندگی گزارنے کے لیے ضروری سہولیات مہیا کرے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں انصاف، مساوات، بھائی چارے اور انسانی احترام کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ یوم اقبال کا تقاضا ہے کہ شاعر مشرق کے نظریات اور تعلیمات کو صرف تقریبات اور تقاریر تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں عملی اقدامات اور قومی پالیسیوں میں بھی شامل کیا جائے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اقبال کے فلسفہ خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کو اپناتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام آج بھی ہماری قومی رہنمائی کرتا ہے اور خودی، عمل، عزم اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔