تربت: جامعہ تربت میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علامہ اقبال کی علمی، ادبی، فکری اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ کی سنٹرل لائبریری میں گوشہ اقبال قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کی جانب سے کیا گیا، جس کی صدارت پرو وائس چانسلر جامعہ تربت ڈاکٹر کمال احمد نے کی۔ تقریب سے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، فیکلٹی ممبر منیر احمد، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز چاکر حیدر اور طلبہ نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے مسلمانوں کو خودی، خود اعتمادی، بیداری اور علم حاصل کرنے کا درس دیا۔ ان کے افکار نے مسلم معاشرے میں شعور اجاگر کرنے اور اجتماعی جدوجہد کا جذبہ پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو اقبال کے نظریات اور فلسفے سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان علم، محنت اور خود اعتمادی کو اپنا کر ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی اور تعلیم کو مشعل راہ بناتے ہوئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر جامعہ تربت کی ترقی کے لیے دیانت داری اور لگن سے کام کیا جائے گا۔
تقریب میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، رجسٹرار گنگزار بلوچ، شعبہ ایجوکیشن کی سربراہ رقیہ میروانی، کیمپس کوآرڈینیٹر غوث بخش بزنجو، اساتذہ، انتظامی عملے اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے جامعہ تربت کی سنٹرل لائبریری میں گوشہ اقبال قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ اور محققین کو علامہ اقبال کی تصانیف، فکر اور فلسفے کے مطالعے اور تحقیق کے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔