راولپنڈی: خاتون اینکر ربیعہ احسن کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ان کے شوہر احسن طاہر کو عدالت نے مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ملزم احسن طاہر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر سینئر سول جج راولپنڈی محمد نصراللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں تفتیشی افسر نے ملزم سے مزید تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کو تفتیش مکمل کرکے 13 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر مقدمے کی مکمل تفتیشی رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی طلب کرلی، جبکہ سماعت کے دوران ملزم کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے ملزم احسن طاہر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا، مزید ریمانڈ ملنے کے بعد پولیس ملزم کو واپس تھانے لے گئی۔