جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے والے خود اقتدار میں کیوں بیٹھے ہیں، انہیں چاہیے کہ استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں۔
جہلم میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں، بعض لوگوں کی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے عناصر اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے مختلف الزامات عائد کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہوتی؟ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن کا پورا نیٹ ورک موجود تھا، جبکہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں وزیراعلیٰ روزانہ کرپشن کے معاملات سامنے لا رہی ہیں۔
مریم نواز نے خبردار کیا کہ اگر کسی وزیر کے رشوت لینے یا کرپشن میں ملوث ہونے کا علم ہوا تو اسے کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ہزار ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں میں سے کوئی ایک روپے کی کرپشن کی نشاندہی کرکے دکھائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہیں، ایک خاتون کو دکان کے مالک کی جانب سے تھپڑ مارنے کے واقعے پر انہوں نے متاثرہ خاتون کو تھانے بلا کر بااثر شخص کو جواب دینے کا حوصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم اور پتھر نہیں بلکہ لیپ ٹاپ ہیں۔
مریم نواز نے طلبہ کو اپنے دور کے ہیرو اور سپر ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی محنت اور جدوجہد انہیں کامیابی کی منزل تک پہنچا رہی ہے۔ بچوں کی کامیابی پر والدین بھی اتنے ہی خوش ہیں، جنہوں نے ان کے بہتر مستقبل کے لیے قربانیاں دیں۔
انہوں نے بتایا کہ جہلم کی سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، جبکہ 109 طلبہ کو تقریباً 25 لاکھ روپے کے ہونہار اسکالرشپس فراہم کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ، فون اور اسکالرشپس طلبہ کا حق اور ان کی محنت کا صلہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے، ہر بچہ پاکستان کا مستقبل ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں۔
اس موقع پر انہوں نے اسکوٹیز حاصل کرنے والی طالبات کو ہیلمٹ کے لازمی استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو مکمل ڈرائیونگ ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی۔ والدین نے اپنی بچیوں کو بڑی محبت سے پالا ہے، اس لیے انہیں اپنی حفاظت اور سلامتی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اسکوٹیز کی بڑی تعداد تیار ہونے کے باعث تقسیم کے عمل میں تاخیر ہوئی، تاہم بہت جلد اسکوٹیز کی پہلی تقسیم شروع کردی جائے گی۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن باتوں کے بجائے حقائق پر توجہ دیں اور اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں سے ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں پاکستان کا پرچم دیکھنا چاہتی ہیں۔