Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، سعودی عرب اور ترکیے سے شراکت داری کی علامت ہے: اسحاق ڈار

 اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے، یہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ علاقائی امن اور استحکام کے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔

اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس ’’مارگلہ ڈائیلاگ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور کثیرالجہتی سفارتکاری کو فروغ دینا ہوگا۔ عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق عالمی سطح پر تفریق کو جنم دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور معاشی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے۔ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور پاکستان اس مقصد کے لیے مؤثر اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدلتی عالمی صورتحال میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا، سعودی عرب، ترکیے، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات بھی پاکستان کے لیے اہم ہیں۔ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کا مظہر ہے۔ پاکستان قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں، تاہم عالمی سکیورٹی کا نظام اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے اور امن و خوشحالی کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہی مؤثر راستہ سمجھتا ہے۔ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہوتی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور موجودہ حالات میں سفارتی کوششوں کے لیے مزید گنجائش پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی اختلافات کے باعث کثیرالجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بین الاقوامی اصولوں پر غیر مساوی عمل درآمد تمام ممالک کی سلامتی کو متاثر کرتا ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی معاملات ایک دوسرے سے تیزی سے منسلک ہو رہے ہیں، جبکہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی میں مسابقت کے اثرات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ اور عوام کی خوشحالی کے لیے اندرونی استحکام اور مؤثر سفارتکاری ناگزیر ہے۔ دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق کاروبار کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہے، جبکہ ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More