کراچی: انسدادِ منشیات کی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں شریک ملزمہ نسیم بی بی کو مفرور قرار دیتے ہوئے اس کے اور جاوید کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
کراچی کی انسدادِ منشیات عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ملزمہ انمول عرف پنکی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئیں۔ اس دوران تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شریک ملزمہ نسیم بی بی کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا، جس پر عدالت نے اسے مفرور قرار دے دیا۔
عدالت نے نسیم بی بی اور جاوید کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے اور ان کے حوالے سے اشتہارات شائع کروانے کی ہدایت بھی جاری کردی۔
سماعت کے دوران عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو مقدمے کی نقول فراہم کرنے کے لیے 24 نومبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے قرار دیا کہ دستاویزات کی فراہمی کے بعد ان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔
دوسری جانب عدالت نے ملزمہ کے اثاثے ضبط کرنے سے متعلق درخواست پر آئندہ سماعت میں دلائل طلب کرلیے۔ واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ملزمہ کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔