اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایس سی او سمٹ سے قبل دارالحکومت کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور غیر ملکی مہمانوں کے استقبال کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد کے ہوٹلوں کی بہتری، زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل اور شہر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ایس سی او سمٹ سے پہلے زیر تعمیر تمام ہوٹلوں کی تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور سہولیات کا معیار بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، جبکہ مقامی ہوٹلوں کو عالمی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے بھی روابط بڑھائے جائیں تاکہ انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جاسکے۔
اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو عالمی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اس سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا شاپنگ مال بھی تعمیر کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ منصوبے کے لیے عالمی ہوٹل چین کی مشاورت سے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کیے جائیں تاکہ نئے ہوٹلوں کے فعال ہونے تک مطلوبہ تربیت یافتہ عملہ دستیاب ہو۔
اجلاس میں کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو ایس سی او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور غیر ملکی معزز مہمانوں کے استقبال کے لیے بہترین اور شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
[…] مملکت کے مطابق 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد […]