ایران جنگ نے امریکی حکومت کو تباہ کر دیا، امریکا مایوس جواری کی طرح ہاتھ پاؤں مار رہا ہے: محسن رضائی
تہران: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ امریکی حکومت کو تباہ کر چکی ہے اور امریکا اب ایک مایوس جواری کی طرح ہاتھ پاؤں مار رہا ہے۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ امریکا فرضی مذاکرات سے متعلق جعلی خبریں پھیلانے کا سلسلہ بند کرے اور مغربی ایشیا میں ابھرتے ہوئے نئے نظام کو تسلیم کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ امریکا ایران کی سات شرائط کے سامنے ہتھیار ڈال دے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ عملی طور پر ختم ہو چکی ہے اور فی الحال مزید فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں، تاہم حملوں کا آپشن بدستور موجود ہے۔
وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ توقع ہے جنگ جلد ختم ہو جائے گی، تاہم ضرورت پڑنے پر امریکا کسی بھی وقت دوبارہ حملے شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے معاملے پر آئندہ کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور امریکا خطے میں موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کے ساتھ تہران کے ساتھ نئے معاہدے کا بھی منتظر ہے۔