سعودی کاروباری وفد کا گوادر پورٹ میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی، شہزادہ منصور آل سعود جلد دورہ کریں گے
کراچی: سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد نے چیئرمین سعودی پاکستانی بزنس کونسل شہزادہ منصور ایم سعد آل سعود کی سربراہی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کا دورہ کیا، جہاں گوادر اور کراچی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری، تجارتی استعداد اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران سعودی وفد نے گوادر پورٹ کی تجارتی صلاحیتوں، کارگو سروسز، ٹرانزٹ ٹریڈ، ٹرانس شپمنٹ اور مجوزہ انرجی ٹرمینلز کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شہزادہ منصور آل سعود نے جلد گوادر پورٹ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی قبول کرلی۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ پہنچنے پر سیکرٹری میری ٹائم افیئرز کیپٹن (ر) محمد خرم آغا، چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ اور چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے وفد کا استقبال کیا۔
بریفنگ کے دوران چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے بتایا کہ گوادر بندرگاہ کو خطے کی اہم ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ بنانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ بندرگاہ پر کنٹینرز کی ہینڈلنگ کے لیے طویل انتظار یا قطار کی ضرورت نہیں، جبکہ جدید سہولیات اور وسیع یارڈز بھی دستیاب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گوادر پورٹ پر 48 ہزار 278 مربع میٹر کے کنٹینر یارڈز، 400 ریفر کنٹینر پوائنٹس اور سالانہ 2 لاکھ ٹی ای یو کنٹینرز ہینڈل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ بندرگاہ کی گہرائی 12.5 میٹر ہے، جہاں 50 ہزار ڈی ڈبلیو ٹی تک کے جہاز لنگرانداز ہوسکتے ہیں۔
نورالحق بلوچ کے مطابق بندرگاہ پر 30 روزہ مفت اسٹوریج اور مسابقتی پورٹ چارجز کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ آبنائے ہرمز سے باہر واقع ہونا گوادر پورٹ کی اہم جغرافیائی خصوصیت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گوادر میں 750 ایکڑ اراضی پر انرجی ٹرمینلز قائم کرنے کے وسیع امکانات ہیں، جہاں ایل این جی اور ایل پی جی کی درآمد، ذخیرہ، ری گیسیفکیشن اور ایل این جی کی برآمد کے منصوبے شروع کیے جاسکتے ہیں۔ گوادر پورٹ پر بنکرنگ کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے سعودی وفد کو کراچی بندرگاہ کے جدید انفراسٹرکچر، ڈریجنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور قومی شاہراہوں و ریلوے نیٹ ورک سے رابطوں کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے گرین پورٹ منصوبوں، مینگرووز کی بحالی، صاف توانائی اور مینوڑہ شپ یارڈ کی بحالی کے ذریعے سرمایہ کاری کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔
بریفنگ کے بعد شہزادہ منصور آل سعود نے پاکستان کی بندرگاہوں کی تجارتی اور جغرافیائی اہمیت میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو معاشی اور تجارتی تعاون کی نئی جہتوں سے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کی جغرافیائی اہمیت اور خطے میں تجارتی رابطوں کے فروغ کی صلاحیت قابل توجہ ہے، جبکہ وہاں کاروبار اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔
چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی جانب سے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے شہزادہ منصور آل سعود نے یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد گوادر پہنچ کر بندرگاہ کی تجارتی و آپریشنل صلاحیتوں، کارگو سروسز اور سرمایہ کاری کے امکانات کا خود جائزہ لیں گے۔
سعودی وفد کی جانب سے گوادر پورٹ کے دورے کی دعوت قبول کرنا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ اور گوادر میں ممکنہ سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔