اسلام آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت انہیں مکمل سیکیورٹی، ون ونڈو آپریشن اور تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی، سرمایہ کاری کی راہ میں سرخ فیتے کی رکاوٹیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے ساتھ ساتھ مہمان نوازی، رواداری اور وعدوں کی پاسداری کرنے والے عوام کی سرزمین بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مقامی آبادی کو اعتماد میں لینا اور ان کے تعاون سے محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بیرک کمپنی کے ریکوڈک منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے ایک دہائی سے زائد عرصے تک غیر فعال رہنے والے کیمپ سے واپسی پر ایک ٹی شرٹ یا چائے کا کپ تک غائب نہیں ہوا تھا۔
یہ واقعہ بلوچستان کے عوام کے کردار، دیانت داری اور ثقافتی روایات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں منفی تاثر اور زمینی حقائق میں واضح فرق ہے، ذرائع ابلاغ پر دکھائے جانے والے مناظر پورے صوبے کی نمائندگی نہیں کرتے۔ سرمایہ کار محض خبروں کی بنیاد پر رائے قائم کرنے کے بجائے خود بلوچستان آئیں، یہاں کے عوام سے ملیں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امن و امان کے قیام اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیں۔ معدنی راہداری کی حفاظت کے لیے علیحدہ سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ہے جبکہ فرنٹیئر کور کا نیا ونگ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبہ 2029 تک شروع ہونے کی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے علاقے سرونہ میں تیل اور گیس کے ذخائر سے متعلق آئندہ چند ماہ میں اچھی خبریں سامنے آنے کا امکان ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق وہاں موجود گیس کے ذخائر سوئی کے تاریخی ذخائر سے بھی زیادہ ہو سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے سوئی میں فرٹیلائزر سٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جہاں کم بی ٹی یو گیس کو صنعتی اور زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔ سرمایہ کاروں کو اس منصوبے سمیت معدنی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی نے تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ منظور کیا ہے، جس کا مقصد معدنی شعبے میں شفافیت اور سرمایہ کاری کے لیے واضح قانونی نظام فراہم کرنا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے ساتھ محض انتظامی تعلق نہیں بلکہ حقیقی شراکت داری قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے روزگار، معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے نئے راستے کھولے جا سکیں۔
[…] […]