Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں سرداری نظام کے خاتمے کی قرارداد دوبارہ پیش کرنے کا فیصلہ، ہدایت الرحمان بلوچ 14 نومبر کو اسمبلی میں اٹھائیں گے معاملہ

 کوئٹہ: قائد حق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ صوبائی اسمبلی کے 14 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد ترمیم کے بعد دوبارہ پیش کریں گے۔

مجوزہ قرارداد میں بلوچستان کے تمام اضلاع میں System of Sardari (Abolition) Act, 1976 پر اس کی اصل روح اور منشا کے مطابق مؤثر اور بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد کے متن کے مطابق 1976 میں نافذ کیا گیا قانون سرداری نظام کے تحت قائم غیر قانونی اختیارات، جبر، استحصال اور فرسودہ قبائلی روایات کے خاتمے کے لیے بنایا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد شہریوں کی آزادی، مساوات، خودمختاری اور قانونی حقوق کا تحفظ ہے۔

قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہر شہری کو اپنی زندگی اور جائز معاملات سے متعلق آزادانہ فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے۔ کسی شخص پر دباؤ ڈالنا، غیر قانونی جبر مسلط کرنا یا اس کی مرضی کے خلاف فیصلے تھوپنا بنیادی انسانی حقوق، اسلامی اصولوں اور آئینی تقاضوں کے منافی ہے۔

مجوزہ قرارداد میں بلوچستان کے بعض علاقوں میں سرداری اور قبائلی اثر و رسوخ کی آڑ میں شہریوں کو مبینہ دھمکیوں، دباؤ، جبری فیصلوں اور معاشرتی استحصال کا سامنا ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی جانب سے قرارداد دوبارہ پیش کرنے کا مقصد صوبے میں سرداری نظام کے تحت مبینہ جبر و استحصال کے خاتمے اور شہریوں کے بنیادی حقوق، شخصی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے موجودہ قانون پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت اجاگر کرنا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More