لورالائی: ضلعی انتظامیہ نے آئی ٹی ہب لورالائی کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبے کی تکمیل، دستیاب سہولیات اور افتتاحی انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ آئی ٹی ہب کو آئندہ دو روز میں افتتاح کے لیے مکمل طور پر تیار کرنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے دورے کے دوران اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ سابقہ انسپیکشن ٹیم کی جانب سے نشاندہی کی گئی تقریباً تمام خامیوں کو دور کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی ماندہ کام بھی جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق آئی ٹی ہب لورالائی افتتاح کے لیے تقریباً تیار ہے اور ضروری انتظامات مکمل ہوتے ہی اسے باقاعدہ فعال کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر آئی ٹی ہب کے پہلے تربیتی کورس میں داخلے کے لیے قائم ٹیسٹ سینٹر کا بھی معائنہ کیا گیا، جہاں امیدوار داخلہ ٹیسٹ میں شریک تھے۔ حکام نے امتحانی عمل اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لورالائی کے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے تاکہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر روزگار کے نئے مواقع حاصل کر سکیں۔