Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ورلڈ بینک کا بلوچستان میں ترقیاتی تعاون بڑھانے میں اظہارِ دلچسپی، سرفراز بگٹی سے ملاقات

 اسلام آباد: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان بولورما امگابازار نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی معاشی ترقی، استحکام اور مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران تعلیم، صحت، آبنوشی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ بلوچستان میں عالمی ترقیاتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات بھی زیر غور آئے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان بھی موجود تھے۔

ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے بلوچستان میں مختلف شعبوں کے اندر ترقیاتی تعاون اور مشترکہ اقدامات کے امکانات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کے اہم اہداف ہیں۔ بلوچستان کی ترقی پورے پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور نتائج پر مبنی حکمت عملی کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ قومی و صوبائی وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے اور ترقی کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچیں۔

وزیر اعلیٰ نے عالمی اداروں کے ساتھ بامقصد شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، آبنوشی اور انفراسٹرکچر سمیت تمام اہم شعبوں میں بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کے تعاون کا خیرمقدم کرتی ہے۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More