Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

پاکستان کے معدنی ذخائر میں عالمی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں: جام کمال خان

 اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر ملکی معیشت کو مستحکم کرنے، صنعتی ترقی کو فروغ دینے اور برآمدات میں اضافے کا اہم ذریعہ بن سکتے ہیں، تاہم اس مقصد کے لیے عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری اور انہیں سازگار ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے موقع پر بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان معدنی وسائل کے حوالے سے غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے اور عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے اس شعبے میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، عالمی تجارتی روابط میں بہتری اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی سے پاکستان کی معدنی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ فورم کے دورے کے دوران انہوں نے مختلف ممالک کے سفیروں، تجارتی نمائندوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، تجارتی تعاون اور بین الاقوامی شراکت داری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جام کمال خان نے نمائش میں شریک کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے پاکستان کے معدنی ذخائر اور کان کنی کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خام معدنیات کی مقامی سطح پر پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن سے ملکی صنعت کو ترقی اور معیشت کو اضافی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے اور قدرتی وسائل کو برآمدات اور معاشی ترقی کے مؤثر ذریعے میں تبدیل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں عالمی سرمایہ کاروں، کان کنی کے شعبے سے وابستہ اداروں، پالیسی سازوں اور کاروباری رہنماؤں کی شرکت کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے فروغ کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More