Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

کیا پاکستان میں نئے صوبوں کی راہ ہموار ہونے لگی؟ 77 فیصد شہریوں نے بڑا مطالبہ کر دیا

لاہور:   پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث ایک بار پھر زور پکڑنے لگی، تازہ سروے میں حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ ملک کے 77 فیصد شہری انتظامی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کیلئے نئے صوبے بنانے کے حامی ہیں۔

میریڈین اینالیٹکس کے میریڈین نیشنل بیرومیٹر 2026 کے تحت کیے گئے سروے میں 5 ہزار شہریوں کی رائے حاصل کی گئی، جس کے نتائج کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران نئے صوبوں کے قیام کی حمایت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سروے کے مطابق نومبر 2022ء میں 54 فیصد شہری نئے صوبوں کے حامی تھے، یہ شرح 2024ء میں بڑھ کر 66 فیصد ہوئی جبکہ 2026ء میں 77 فیصد تک پہنچ گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوام اب نئے صوبوں کے قیام کو محض سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ بہتر طرزِ حکمرانی، تیز رفتار ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ذریعہ سمجھنے لگے ہیں۔ شہریوں کا خیال ہے کہ چھوٹی انتظامی اکائیوں سے دور دراز علاقوں کے مسائل زیادہ مؤثر انداز میں حل ہوسکتے ہیں۔

جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے مطالبات پھر زیرِ بحث

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث میں جنوبی پنجاب اور بہاولپور کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ علیحدہ صوبائی ڈھانچے سے ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور مظفرگڑھ سمیت دیگر اضلاع کو ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ میں زیادہ حصہ مل سکے گا۔

دوسری جانب بہاولپور صوبے کے حامی سابق ریاست کی تاریخی صوبائی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دونوں تجاویز مختلف سیاسی جماعتوں کے منشور اور پارلیمانی مباحثوں کا حصہ رہی ہیں، تاہم سیاسی اتفاقِ رائے اور انتظامی معاملات پر اختلافات کے باعث تاحال پیش رفت نہیں ہوسکی۔

کراچی میں 92 فیصد شہری نئے صوبوں کے حامی

سروے میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حمایت ملک کے چاروں صوبوں میں موجود ہے۔ سندھ میں 80 فیصد، پنجاب میں 78 فیصد، خیبر پختونخوا میں 75 فیصد اور بلوچستان میں 72 فیصد شہریوں نے نئے صوبوں کے حق میں رائے دی۔

کراچی میں حمایت کی شرح 92 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو سروے کے نمایاں ترین نتائج میں شامل ہے۔ مزید یہ کہ 73 فیصد شہریوں نے اس تجویز کی حمایت کی کہ ان کے اپنے ضلع کو بھی کسی نئے صوبے کا حصہ بنایا جائے۔

ملک کے دیگر علاقوں میں بھی نئے صوبوں کے مطالبات موجود ہیں، جن میں خیبر پختونخوا کا ہزارہ ڈویژن، سندھ میں کراچی اور شمالی پنجاب میں پوٹھوہار صوبے کی تجاویز شامل ہیں۔

صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر شہری ناخوش

سروے کے مطابق نئے صوبوں کی حمایت کے پیچھے موجودہ انتظامی نظام سے عدم اطمینان بھی ایک بڑی وجہ ہے۔ 82 فیصد شہریوں نے رائے دی کہ صوبائی حکومتیں ان کے اضلاع کی ترقیاتی ضروریات پوری کرنے میں مؤثر ثابت نہیں ہو رہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 83 فیصد افراد کا خیال ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے سرکاری دفاتر تک پہنچنے میں لگنے والا وقت کم ہوگا، جبکہ 79 فیصد شہریوں کو توقع ہے کہ اضلاع کیلئے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ ہوگا۔

اسی طرح 77 فیصد افراد نے امید ظاہر کی کہ نئے صوبوں کے قیام سے پولیس کی عوامی شکایات پر ردعمل دینے کی صلاحیت بہتر ہوسکے گی۔

نوجوانوں میں نئے صوبوں کی حمایت زیادہ

عمر کے مختلف گروپس میں بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت سامنے آئی۔ 18 سے 29 سال کے نوجوانوں میں یہ شرح 83 فیصد، 30 سے 44 سال کے افراد میں 82 فیصد جبکہ 45 سے 64 سال کی عمر کے شہریوں میں 72 فیصد رہی۔

شہری علاقوں میں 76 فیصد جبکہ دیہی آبادی میں 68 فیصد افراد نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی۔

یہ سروے 12 اکتوبر سے 4 نومبر 2026ء کے دوران کیا گیا، جس میں 18 سے 64 سال کی عمر کے 5 ہزار بالغ شہریوں کی آرا شامل کی گئیں۔

نئے صوبے بنانے کیلئے آئینی رکاوٹ کیا ہے؟

پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239 کی شق 4 کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کیلئے متعلقہ صوبائی اسمبلی کے کُل ارکان کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے آئینی ترمیم کی منظوری لازمی ہے۔

اس کے بعد ہی ترمیم صدرِ مملکت کی منظوری کیلئے پیش کی جاسکتی ہے۔ یوں عوامی حمایت میں اضافے کے باوجود نئے صوبوں کا قیام سیاسی اتفاقِ رائے اور آئینی تقاضے پورے کیے بغیر ممکن نہیں ہوگا

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو […]

  2. […] سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز پر ڈکلیئر کی تھی، جس کے جواب […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More