آئی ایم ایف کا پاکستان سے پیٹرول سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ، ریلیف صرف مستحق طبقے تک محدود رکھنے پر زور
آئی ایم ایف ترجمان کے مطابق پاکستان میں جاری ایندھن سبسڈی اسکیم کا دائرہ کار وسیع اور اخراجات زیادہ ہیں، اس لیے اسے مرحلہ وار ختم کیا جانا چاہیے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں توقع سے زیادہ بڑھنے پر دی جانے والی مالی معاونت مخصوص طبقات تک محدود ہو اور اس کے اخراجات مالی سال 2026-27 کے منظور شدہ بجٹ کے اندر پورے کیے جائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی والے طبقے کو تحفظ دینے کے لیے ستمبر میں ایندھن سبسڈی اسکیم شروع کی تھی۔ اس کے تحت موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کو ہفتہ وار 500 روپے مالیت کا پیٹرول ٹوکن فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ 800 سی سی تک انجن والی گاڑیوں کے مالکان کو ہر 10 روز میں زیادہ سے زیادہ 10 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جاتی ہے۔
آئی ایم ایف ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق مقرر کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے، تاہم اس دوران کمزور اور مستحق طبقے کو قیمتوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ پاکستان کی معیشت کے لیے بڑا چیلنج ہے کیونکہ ملک تیل اور گیس کی درآمدات کے لیے خلیجی ممالک پر انحصار کرتا ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش اور عالمی جہاز رانی میں رکاوٹوں نے ترقی پذیر ممالک کی معاشی ترقی کے امکانات کو متاثر کیا ہے، جبکہ تیل کی بلند قیمتوں کے باعث پاکستان میں مہنگائی کا دباؤ بھی بڑھا ہے۔
پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 9.6 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ ستمبر میں یہ شرح 10.3 فیصد تھی۔
آئی ایم ایف نے زور دیا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان معاشی استحکام، سرکاری مالیات میں بہتری، مسابقت اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے ساتھ سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کو مضبوط بنانے پر توجہ برقرار رکھے۔ ادارے نے سرکاری اداروں میں اصلاحات، عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنانے اور توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی اور اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے مذاکرات کے بعد آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ کیا تھا، جس کی حتمی منظوری ادارے کے ایگزیکٹو بورڈ سے ہونا باقی ہے۔ منظوری کی صورت میں پاکستان کو ای ایف ایف کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے تحت 21 کروڑ ڈالر ملنے کی توقع ہے۔
اس طرح آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کو مجموعی ادائیگیاں تقریباً 5 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق ای ایف ایف اور آر ایس ایف کے جائزوں سمیت 2026 کے آرٹیکل فور مشاورتی عمل پر ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ متوقع ہے، تاہم اجلاس کا انعقاد پروگرام کی شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگا۔ ترجمان نے ان شرائط کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔