اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جیل میں ملاقات کے بعد ان کی صحت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی، بشریٰ بی بی نے علاج اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر درخواست میں استدعا کی ہے کہ انہیں فوری طور پر کسی مستند اور خصوصی ہسپتال منتقل کیا جائے، جہاں ان کے علاج اور ضروری طبی نگہداشت کے مناسب انتظامات کیے جا سکیں۔
درخواست میں عدالت سے بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ طلب کرنے اور آنکھوں کے علاج سمیت ممکنہ سرجری کے لیے تمام ضروری سہولیات بروقت فراہم کرنے کا حکم دینے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق 10 نومبر کو ہونے والی ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی خراب صحت پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ 15 نومبر کو متوقع آنکھوں کی سرجری کے حوالے سے بھی انہیں آگاہ کیا گیا تھا۔ بشریٰ بی بی کو آنکھوں میں شدید تکلیف اور بینائی کی خرابی کا سامنا ہے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق آنکھوں میں درد کی شکایت کے سات سے آٹھ روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے معائنہ کیا اور بشریٰ بی بی کو بتایا گیا کہ ان کی آنکھ کی اہم سرجری درکار ہے، تاہم آپریشن کے نتیجے میں بینائی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔
درخواست کے ساتھ 11 نومبر 2026 کو اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلی رپورٹ بھی منسلک کی گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا کہ بشریٰ بی بی کی دونوں آنکھوں میں موتیے کی تشخیص ہوئی ہے اور جیل حکام کے مطابق ان کا آپریشن 15 نومبر کو متوقع تھا۔
درخواست میں مزید بتایا گیا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی اس حد تک متاثر ہو چکی ہے کہ وہ عینک کے بغیر دیکھنے سے قاصر ہیں، جبکہ عینک لگانے کے باوجود سامنے بیٹھے افراد کے چہرے واضح دکھائی نہیں دیتے اور صرف سیاہ خدوخال نظر آتے ہیں۔
مؤقف اختیار کیا گیا کہ آنکھوں میں شدید درد کے باعث بشریٰ بی بی روزانہ پیناڈول اور ٹونوفلیکس کی دو گولیاں استعمال کر رہی ہیں، جبکہ جیل میں دستیاب ڈیوٹی ڈاکٹر آئی اسپیشلسٹ نہیں بلکہ گائناکالوجسٹ ہیں۔
درخواست میں جیل کے کمرے کی صفائی کی صورتحال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ مؤقف کے مطابق کمرے میں حشرات، کاکروچ اور سنڈیاں موجود ہیں، جبکہ ماضی میں اسی کمرے سے سات چھوٹے سانپ نکلنے کے بعد ان کے داخلے کے راستے سیمنٹ سے بند کیے گئے تھے۔
درخواست گزار نے خدشہ ظاہر کیا کہ صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کے باعث آپریشن کے بعد انفیکشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جس سے بشریٰ بی بی کی بینائی مستقل طور پر متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ عدالت سے فوری طبی سہولیات اور خصوصی ہسپتال منتقلی کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
[…] گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہئیں، تاہم عمران خان کی بہنوں، […]