ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو اور گردونواح پر رواں سال کے بڑے ڈرون حملوں میں سے ایک کو روسی فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، حملے کے دوران تقریباً 600 بغیر پائلٹ طیاروں نے ماسکو کی جانب پرواز کی۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق 15 نومبر کی شام 5 بجے سے 16 نومبر کی صبح 8 بجے تک تقریباً 600 ڈرونز نے روسی دارالحکومت اور اس کے نواحی علاقوں کا رخ کیا۔
انہوں نے میسجنگ پلیٹ فارم میکس پر جاری بیان میں بتایا کہ روسی وزارت دفاع کے فضائی دفاعی نظام نے بیشتر ڈرونز کو ماسکو سے کافی فاصلے پر ہی تباہ کر دیا۔
سرگئی سوبیانین کا کہنا تھا کہ 191 ڈرونز کو ماسکو کے قریب پہنچنے کے دوران ناکارہ بنایا گیا۔
میئر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ رواں سال کے آغاز سے اب تک ماسکو کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے بڑے ڈرون حملوں میں سے ایک ہے۔
تاہم حملے میں ممکنہ جانی و مالی نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔