ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں تیسرے روس افریقہ سربراہی اجلاس کے دوسرے اور آخری روز سیاسی، سفارتی اور اقتصادی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں، اجلاس میں 48 افریقی ممالک کے وفود شریک ہیں جبکہ 22 ممالک کی نمائندگی سربراہانِ مملکت کر رہے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ 2022 کے بعد روس اور افریقی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے اور تجارتی حجم 27 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔
جمعرات 29 اکتوبر کو گرینڈ کریملن پیلس میں سربراہی اجلاس کی اہم نشستیں منعقد ہو رہی ہیں، جن میں صدر پوتن، افریقی یونین کے چیئرمین و صدر برونڈی ایوارست ندائیشیمیے اور مختلف افریقی ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس کے ایجنڈے میں عالمی سیاسی و اقتصادی صورتحال، بین الاقوامی سلامتی، کثیر قطبی عالمی نظام اور روس و افریقہ کے درمیان مستقبل میں تعاون کو وسعت دینے کے امور شامل ہیں۔ مرکزی پروگرام کے تحت دو پلینری نشستیں منعقد کی جا رہی ہیں، جبکہ ورکنگ بریک فاسٹ کے دوران افریقی وفود کے سربراہان اپنے ممالک کا مؤقف پیش کر رہے ہیں۔
سربراہی اجلاس کی سرگرمیوں کا آغاز بدھ 28 اکتوبر کو ماسکو کے تاریخی گوستینی دوور میں اقتصادی و انسانی تعاون فورم سے ہوا تھا۔ افتتاحی خطاب میں صدر پوتن نے کہا تھا کہ دنیا ایک کثیر قطبی نظام کی جانب بڑھ رہی ہے اور عالمی سیاست و معیشت میں افریقی ممالک کا کردار مسلسل اہمیت اختیار کر رہا ہے۔
روسی صدر نے یکطرفہ پابندیوں، اقتصادی دباؤ اور نوآبادیاتی طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ روس افریقی ممالک کے ساتھ مساوات، خودمختاری اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
اجلاس کے موقع پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات میں پوتن نے روس اور افریقی ممالک کے بڑھتے ہوئے تجارتی روابط پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ 2022 کے بعد باہمی تجارت میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے، جبکہ مصر روس کے لیے افریقی خطے میں ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے۔
دو روزہ فورم کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، صنعت، معدنیات، ٹرانسپورٹ، صحت، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ پروگرام میں 40 سے زائد کاروباری اور موضوعاتی نشستیں شامل ہیں، جن میں روسی اور افریقی کمپنیوں کے نمائندے مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اجلاس کے دوسرے روز صدر پوتن کی برونڈی، نمیبیا، کینیا، سوڈان، مڈغاسکر اور زمبابوے سمیت متعدد افریقی ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ ان ملاقاتوں میں سیاسی تعلقات کے فروغ، تجارتی روابط، توانائی اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف کے مطابق اجلاس کے اختتام پر 33 بین الحکومتی اور بین الادارہ دستاویزات، مفاہمتی یادداشتوں اور تجارتی معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔ ان دستاویزات کا مقصد مختلف اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں میں روس اور افریقی ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سربراہی اجلاس کے اختتام پر روس افریقہ تعاون سے متعلق مشترکہ اعلامیہ، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اشتراک کے حوالے سے الگ اعلامیہ اور 2027 سے 2029 تک شراکت داری کے عملی منصوبے کی منظوری بھی متوقع ہے۔ معاہدوں پر دستخط کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتن اور صدر برونڈی کی مشترکہ میڈیا گفتگو بھی شیڈول ہے، جس میں اجلاس کے اہم نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ روس افریقہ سربراہی اجلاس کا پہلا انعقاد 2019 میں سوچی جبکہ دوسرا اجلاس جولائی 2023 میں سینٹ پیٹرزبرگ میں ہوا تھا۔ ماسکو میں منعقد ہونے والا تیسرا اجلاس روس اور افریقی ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔
[…] ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق 15 نومبر کی شام 5 بجے سے 16 نومبر کی صبح 8 بجے تک تقریباً 600 ڈرونز نے روسی دارالحکومت اور اس کے نواحی علاقوں کا رخ کیا۔ […]