کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے شہر ڈنیپرو میں ریلوے اسٹیشن پر روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی ڈرون نے ریلوے اسٹیشن کے اس پلیٹ فارم کو نشانہ بنایا جہاں زاپوریزیا جانے والی مسافر ٹرین موجود تھی۔ یوکرینی ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں جیٹ انجن سے چلنے والا ڈرون استعمال کیا گیا۔
حکام کے مطابق حملے سے پہلے خطرے سے متعلق انتباہ جاری کیا گیا تھا، تاہم اس وقت پلیٹ فارم پر مسافر موجود تھے۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ہولناک واقعہ قرار دیا اور امریکا، یورپی ممالک اور گروپ آف سیون (جی سیون) سے روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
زیلنسکی نے روس کے توانائی کے شعبے اور بعض ارب پتی شخصیات پر عائد پابندیوں میں نرمی پر بھی اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی حملوں میں اضافے کے تناظر میں ماسکو اور اس کی جنگی سرگرمیوں پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ڈنیپرو کے میئر بوریس فلاتوف نے بھی حملے کو شہر کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیا۔
دوسری جانب یوکرینی ریلوے حکام کے مطابق رواں سال روسی حملوں میں ریلوے اسٹیشنوں، انجنوں اور مسافر ٹرینوں کے ڈبوں سمیت ایک ہزار 700 سے زائد ریلوے تنصیبات کو نقصان پہنچایا یا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق ریلوے نظام پر حملوں سے مسافروں کی سلامتی اور نقل و حمل کا نظام متاثر ہو رہا ہے، جبکہ تازہ حملے کے بعد ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔