انصاف میں تاخیر بے انصافی کے مترادف ہے، زیر التوا شکایات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائی جائیں: گورنر بلوچستان
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی محتسب سعادت اللہ خان بازئی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پرنسپل سیکرٹری عبدالناصر دوتانی بھی موجود تھے۔
گورنر بلوچستان نے صوبائی محتسب کو ہدایت کی کہ تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور اداروں کے دوروں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے تاکہ ان کی کارکردگی، انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے کر ضروری اصلاحات کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ محتسب کا فعال اور مؤثر ادارہ عوامی شکایات کے ازالے کے ساتھ سرکاری اداروں میں جوابدہی، شفافیت اور اچھی طرز حکمرانی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے خصوصی ہدایت کی کہ تمام زیر التوا شکایات اور مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں تاکہ انصاف کے حصول کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے والے شہریوں کو غیر ضروری تاخیر اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے صوبائی محتسب کے تمام ریجنل دفاتر میں دفتری اوقات کی پابندی یقینی بنانے، انہیں مزید فعال اور عوام دوست بنانے اور ہر دفتر کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے گورنر آفس میں جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔
گورنر بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ صوبائی محتسب کے ریجنل دفاتر کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ عوامی شکایات کے حل میں حائل انتظامی رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام سرکاری معاملات میں میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے، کیونکہ عوام کا اعتماد اسی وقت مضبوط ہوتا ہے جب حکومتی ادارے بلاامتیاز شہریوں کی شکایات سنیں اور انہیں ان کے جائز حقوق فراہم کریں۔