Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلدیاتی محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ، کوئٹہ میں صفائی کا مستقل حل تلاش کرنے کی ہدایت

کوئٹہ: صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کی کارکردگی میں بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، کام میں تاخیر اور رکاوٹوں کی وجوہات کا جائزہ لے کر انہیں فوری دور کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے دو سالہ کارکردگی جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات عزت نذیر بلوچ، سیکرٹری بلوچستان لوکل گورنمنٹ بورڈ شجاعت علی بلوچ، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن عبد الوحید بادینی، ڈائریکٹر جنرل کیو ڈی اے عبد المنان دوتانی سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ بلدیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (PSDP) برائے مالی سال 2026-27 پر ہونے والی پیش رفت، جاری منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار، آئندہ کے لائحہ عمل اور گرانٹ اِن ایڈ کی فراہمی و استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی مشیر بلدیات نے کہا کہ ایک دفتر میں کامیابی سے اپنائے گئے تجربات دوسرے دفاتر میں بھی متعارف کرائے جائیں، افسران مسائل کی نشاندہی کے ساتھ قابل عمل تجاویز پیش کریں، حکومت رکاوٹوں کے خاتمے اور ضروری فیصلوں میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے کوئٹہ میں صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل کے مستقل حل کے لیے مشینری، افرادی قوت، دیکھ بھال اور اخراجات کا جامع جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے مالی وسائل، طریقہ کار اور تکمیل کی مدت پہلے سے واضح ہونی چاہیے جبکہ غیر حقیقت پسندانہ منصوبوں کی منظوری سے گریز کیا جائے۔

نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں بھرتیوں اور تربیتی پروگراموں کو حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انتظامی امور کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے۔ انہوں نے سیکرٹری بلدیات کو اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ افسران کی ذمہ داریاں اور مدت مقرر کرنے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے کام چھوڑ کر سفری اخراجات برداشت کرتے ہوئے سرکاری دفاتر آتے ہیں، اس لیے افسران کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے مسائل کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر حل کریں۔ سرکاری کارکردگی کا اصل معیار عملی نتائج اور عوامی اطمینان ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے بتایا کہ صوبے کی 1166 یونین کونسلز کو مزید فعال بنایا گیا ہے جبکہ محکمے کو ڈیجیٹلائزیشن کی جانب منتقل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جن سے انتظامی امور کی خامیوں کو دور کرنے میں مدد ملی ہے۔

اس موقع پر اکیڈمی کی جانب سے سرکاری محکموں کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے منعقدہ تربیتی ورکشاپس کو بھی سراہا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] کوئٹہ: حاجی علی مدد جتک کو محکمہ زراعت کا قلمدان تفویض کر دیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More