عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایت، غفلت برتنے والے افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا: اسسٹنٹ کمشنر بروری
کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی ہدایت پر تحصیل بروری کے انتظامی امور اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر بروری زوپش آغا نے کی۔
اجلاس میں تحصیلدار، قانون گو اور پٹواریوں نے شرکت کی، جہاں علاقے کی مجموعی صورتحال، ریونیو معاملات اور شہریوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر زوپش آغا نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور سرکاری امور میں غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر بروری نے واضح کیا کہ عوامی خدمت اور شہریوں کے مسائل کا بروقت حل انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔