راولپنڈی: پاکستان اور انڈونیشیا کی افواج کے درمیان مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق ’ایلنگ اسٹرائیک تھری‘ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ مشترکہ فوجی مشق 9 نومبر کو شروع ہوئی تھی، جس کا انعقاد نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں کیا گیا۔
مشق میں پاک فوج اور انڈونیشین آرمی کے جوانوں نے شرکت کی اور انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں سے متعلق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے تجربات کا تبادلہ، آپریشنل حکمت عملیوں میں بہتری اور عملی تربیت کو مزید مؤثر بنانا تھا۔
اس دوران دونوں ممالک کے فوجی اہلکاروں نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مشترکہ مشق کے دوران باہمی تعاون، جدید عملی حکمت عملیوں اور جنگی مہارتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ دفاعی تعلقات اور فوجی تعاون کی عکاس ہے، جبکہ اس سے دونوں ممالک کے عسکری روابط مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار ہوتا ہے۔