برلن: قطر اور جرمنی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ جامع حفاظتی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنے جوہری پروگرام کے پُرامن مقاصد یقینی بنانے کیلئے ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون بحال کرے۔
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے 20 اور 21 نومبر کو جرمنی کے سرکاری دورے کے موقع پر دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا۔
بیان میں قطر اور جرمنی نے تجارتی جہازوں کے خلاف ایران کے حملوں اور دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے ایسے اقدامات کی مخالفت کی جو آبنائے ہرمز کی بندش یا عالمی جہاز رانی کی آزادی میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔
دونوں ممالک نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار نہ تیار کرنے چاہئیں اور نہ ہی حاصل کرنے چاہئیں۔ اس کے علاوہ خطے میں بیلسٹک میزائلوں کے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا۔
مشترکہ بیان میں ایران سے یمن میں حوثیوں کو اسلحہ اور دیگر معاونت فراہم کرنا بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
یہ مشترکہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے کیلئے ثالثی کی کوششوں میں کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی سے متعلق مذاکرات بھی جاری ہیں۔