غریبوں کیلئے کروڑوں گھر بھی بنانے پڑے تو بناؤں گا، مستحق خاندانوں کو چھت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے: شہباز شریف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شبانہ روز محنت کرنے والے افراد اپنے گھر کے خواب کو ترستے ہیں، ہزاروں خاندانوں کو اپنی چھت ملنا حکومت اور عوام کے لیے خوشی کا لمحہ ہے۔
گھروں کی فراہمی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میں آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے تحت پہلے آشیانہ قائد اور بعد ازاں آشیانہ اقبال سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں منصوبے شروع کیے گئے۔ اپنا گھر ہر شہری کا خواب ہوتا ہے اور خوشی ہے کہ ہزاروں خاندانوں کا یہ خواب پورا ہوا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے اپنے انتخابی حلقے میں ایک ایسے گھر کا دورہ کیا جو صرف ایک کمرے پر مشتمل تھا۔ وہاں ایک خاتون سے ان کے کام کے بارے میں پوچھا تو معلوم ہوا کہ ان کی بیٹی بیماری میں مبتلا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ایک طرف وسائل مٹھی بھر افراد کے پاس ہیں جبکہ بڑی تعداد چھت، تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام شہریوں کو یکساں حقوق ملنے چاہئیں۔ یہ وہ پاکستان نہیں جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، قیام پاکستان کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے بے شمار قربانیاں دیں۔
اگر ہم غریب مزدوروں اور بیواؤں کو چھت فراہم نہیں کر سکتے تو ہمیں اس منصب پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے کروڑوں گھر بھی تعمیر کرنا پڑے تو کریں گے۔ بینکوں کو چاہیے کہ وہ تیزی سے قرضے فراہم کریں، اس سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں باہمی مشاورت سے دور کی جائیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ قرضے حاصل کرنے والے افراد سے کسی نے ان کی سیاسی وابستگی نہیں پوچھی، یہی شفافیت اور میرٹ کا تقاضا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے مستحق شخص کو بھی میرٹ پر گھر ملتا ہے تو اسے ضرور ملنا چاہیے۔ بینک قرضوں کی فراہمی میں آسانیاں پیدا کریں کیونکہ یہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان پر اصل حق مستحق افراد کا ہے۔