Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان کے ہر ڈویژن کی معاشی ضروریات کے مطابق فنی تربیتی پروگرام متعارف کرانا ہوں گے، گورنر جعفر مندوخیل

 کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ نیوٹیک   نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی خودکفالت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا ان کے روشن مستقبل اور صوبے کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن قومی اسمبلی اور نیوٹیک کے چیئرمین قمر الاسلام راجہ کی قیادت میں وفد سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں نیوٹیک پاکستان کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نادیہ کریم شاہ، پرنسپل سیکرٹری عبدالناصر دوتانی اور نیوٹیک بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین بخش مگسی بھی موجود تھے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ نیوٹیک کے پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیتی پروگراموں کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ یہ مارکیٹ کے تقاضوں اور انسانی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیے جاتے ہیں۔ جب تعلیمی اور نظریاتی علم کو عملی زندگی کے تقاضوں سے منسلک کیا جاتا ہے تو اس کے نتائج زیادہ مؤثر اور بامعنی ثابت ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام ڈویژنز کی معاشی اور معاشرتی ضروریات ایک جیسی نہیں ہیں، اس لیے ہر علاقے کی مقامی خصوصیات اور دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے فنی تربیت کے پروگرام مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ نیوٹیک کو چاہیے کہ وہ صنعتوں، مارکیٹ اور روزمرہ زندگی کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو ایسے ہنر سکھائے جو انہیں باعزت روزگار اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کر سکیں۔

جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن روزگار کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ مشین آپریٹر، الیکٹریشن، سولر ٹیکنیشن، آٹو مکینک اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتے ہیں بلکہ ملکی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

گورنر نے مزید کہا کہ سرکاری جامعات میں جدید مہارتوں کی تعلیم پہلے سے فراہم کی جا رہی ہے، تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ نیوٹیک کے تعاون سے ہر ضلع کی سطح پر بھی تکنیکی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع کو وسعت دی جائے۔ ان کے مطابق اس شعبے کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تقریباً 50 فیصد کردار ادا کرنے کے ہدف کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک عددی ہدف نہیں بلکہ اعلیٰ تعلیم اور عملی روزگار کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کی ایک جامع حکمت عملی ہے۔ اس مقصد کے لیے نئے تربیتی مراکز قائم کرنے کے ساتھ موجودہ اداروں کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، جہاں نوجوانوں کو جدید آلات، تجربہ گاہوں اور صنعتوں کے اشتراک سے عملی تربیت فراہم کی جا سکے۔

گورنر بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ سے نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More