Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 18 اور 19 نومبر کو ہوگی، تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت

 کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہونے والی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 صوبے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی نشاندہی اور معاشی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبے کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس وژن کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران ایکسپو کے انتظامی اور تشہیری امور، شرکاء کی شرکت یقینی بنانے، کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو محض ایک نمائش نہیں بلکہ صوبے کی کاروباری اور صنعتی صلاحیتوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کا مؤثر پلیٹ فارم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس ایکسپو کے ذریعے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری شخصیات، سرکاری اداروں اور تجارتی تنظیموں کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع ملے گا، جہاں باہمی روابط کے فروغ، کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کیے جا سکیں گے۔

وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کا کہنا تھا کہ صوبے کی معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور مقامی کاروباری طبقے کو قومی و عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو میں بلوچستان کی مقامی مصنوعات، کاروباری صلاحیتوں اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کو نمایاں کیا جائے گا، جس سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More