لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی غیر معمولی محنت، انتظامی مہارت اور عوامی مسائل پر گہری نظر انہیں منفرد بناتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت دو گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے 40 اضلاع اور 154 تحصیلوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی بہتری سے متعلق مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی صورتحال، گرین بیلٹس، فیملی پارکس، کھلے مین ہولز، اسٹریٹ لائٹس اور قبرستانوں کی صفائی و دیکھ بھال پر غور کیا گیا۔
مریم اورنگزیب کے مطابق آوارہ کتوں کی روک تھام، غیر قانونی بینرز ہٹانے، ریڑھی بازاروں اور ماڈل مارکیٹس کو منظم بنانے کے اقدامات بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔
اجلاس میں بس اڈوں کی صفائی، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی خوبصورتی، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ دور کرنے اور خصوصی روڈ مینٹیننس سکواڈز تشکیل دینے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ اجلاس کا مقصد محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ شہریوں کو درپیش مسائل اور روزمرہ سہولیات کا جامع جائزہ لینا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی حکمرانی کا تقاضا ہے کہ بڑے منصوبوں کے ساتھ گلی محلوں، سڑکوں، سکولوں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر بھی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعلیٰ کی محنت، جدت پسند سوچ اور انتظامی امور کی باریک بینی سے نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ایسی فعال قیادت کی ضرورت تھی جو عوامی خدمت کو اپنی ترجیح بنائے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ان کی کاوشوں پر شاباش بھی دی۔
[…] سالک حسین کا کہنا تھا کہ مریم اورنگزیب کو گمراہ کن دعوؤں کے حوالے سے قانونی نوٹس اپنی […]