آواران: لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے نئے قائم ہونے والے آواران کیمپس میں داخلوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے باقاعدہ آغاز کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین کی خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹر آواران کیمپس ڈاکٹر نعمت اللہ بلوچ نے ڈپٹی کمشنر آواران عقیل بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں نئے کیمپس میں داخلوں کے اجرا اور کلاسز کے آغاز سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران آواران میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، نئے کیمپس کو فعال بنانے اور مقامی طلبہ و طالبات کو اپنے ضلع میں معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر نعمت اللہ بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کو کیمپس میں تدریسی سرگرمیوں کے آغاز کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کے ذریعے نئے کیمپس میں تعلیمی سرگرمیوں کا جلد آغاز یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ آواران کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع اپنے ہی علاقے میں میسر آسکیں۔
[…] موقع پر بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے قیام کا بنیادی مقصد لاڑکانہ سمیت صوبے بھر میں […]