Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

امریکا نے ایران کی تجارتی نقل و حرکت محدود کرنے کیلئے ٹاسک فورس آئرن گیٹ قائم کر دی

 واشنگٹن:   امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایران کی زمینی تجارتی گزرگاہوں اور بحیرہ کیسپین کے ذریعے سامان کی ترسیل روکنے اور محدود کرنے کے لیے نئی ٹاسک فورس آئرن گیٹ کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

سینٹ کام کے مطابق ٹاسک فورس کے قیام کی ہدایت امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے دی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ایران کو جدید ہتھیاروں، دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجی اور پابندیوں کی زد میں آنے والے سامان کی فراہمی روکنا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس آئرن گیٹ ایران کی زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپین کے راستے سامان کی نقل و حرکت کی نگرانی کرے گی اور اسے محدود کرنے کے اقدامات کرے گی۔

نئی ٹاسک فورس میں تقریباً 20 سویلین اور فوجی اہلکار شامل ہوں گے، جبکہ اس کا ہیڈکوارٹر امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں قائم کیا گیا ہے۔

سینٹ کام کے مطابق ٹاسک فورس امریکی حکومت کے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ ایران کو اپنے فوجی ذخائر دوبارہ بھرنے سے روکا جا سکے اور جدید فوجی سازوسامان کی ترسیل محدود کی جا سکے۔ ایران کی غیر قانونی آمدن کے ذرائع روکنا بھی اس کے اہم اہداف میں شامل ہے۔

دوسری جانب ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا ہے کہ امریکی حکومتی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنا کر ایران کی جانب سے فوجی ذخائر کی بحالی کی کوششوں کو ناکام بنانے کی حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ امریکی بحری ناکہ بندی کے نتیجے میں ایران کی 25 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی خام تیل کی برآمدات رک چکی ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More