کوئٹہ
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کی دیہی خواتین کو کاروباری لحاظ سے بااختیار اور خودکفیل بنانے کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں 15 اکتوبر کو دیہی خواتین کے لیے ایک خصوصی آگاہی و تربیتی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں صوبے بھر کے دور دراز اضلاع سے خواتین شرکت کریں گی۔
صوبے بھر کے دور دراز علاقوں کی باصلاحیت خواتین کو مدعو کر لیا گیا
ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب کی تیاریوں سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او عبدالمنان اور سوشل انوویشن اکیڈمی کی نمائندہ روزینہ کاکڑ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین نے زور دیا کہ دیہی خواتین میں چھپی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں جدید مارکیٹ کے تقاضوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین دستکاری، زراعت، لائیو اسٹاک، فوڈ پروسیسنگ، گھریلو صنعت اور سیاحت جیسے شعبوں میں بہترین کردار ادا کر کے نہ صرف اپنے گھرانے کی معیشت مستحکم کر سکتی ہیں بلکہ مقامی سطح پر اقتصادی ترقی کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب کا بنیادی مقصد دیہی خواتین کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں انہیں سرمایہ کاری کے امکانات، جدید کاروباری طریقوں اور مارکیٹ تک براہِ راست رسائی کے حوالے سے ماہرانہ رہنمائی مل سکے۔ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی باصلاحیت خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کرنا ہی صوبے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
[…] پی اے) گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ریسکیو 1122 بلوچستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا ہے۔ ہیڈ آفس آمد پر ڈائریکٹر […]