Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ضمنی انتخابات: پی پی 203 چیچہ وطنی میں ن لیگ کامیاب، این اے 77 میں بھی برتری برقرار

 لاہور: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد اسد حنیف نے میدان مار لیا، جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں بھی ن لیگی امیدوار راشد بشیر ورک کو برتری حاصل ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 203 ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) کے محمد اسد حنیف 41 ہزار 605 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ تحریک احساس پاکستان کے امیدوار محمد اویس محمود 25 ہزار 27 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

کامیابی کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے ڈیرے پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں اور حامیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔

ادھر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشنز میں سے 274 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راشد بشیر ورک 31 ہزار 119 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار محمد ابراہیم 22 ہزار 103 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

 

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی میں ن لیگی رکن حنیف جٹ کے انتقال کے بعد ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا گیا۔

این اے 77 میں مجموعی طور پر 11 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں، جن میں راشد بشیر ورک، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے قاضی ابراہیم گجر اور آزاد امیدوار الفت رسول وڑائچ نمایاں ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس حلقے سے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب پی پی 203 چیچہ وطنی میں بھی 7 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی، تاہم تحریک انصاف نے یہاں بھی انتخابی عمل سے لاتعلقی اختیار کی۔

دونوں حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More