راولپنڈی: پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے کے بعد سعود شکیل 93 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عرفات منہاس نے 52 اور غازی غوری نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ رضا اللہ 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان بابر اعظم نے اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے 57 رنز بنائے، محمد طہٰ 51 اور کپتان بابر اعظم 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اذان اویس نے 30 جبکہ سلمان علی آغا نے 16 رنز سکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے فرنینڈو اور مدوشاندا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لہرو کمارا، میلان رتھنایاکا اور سونال نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلے روز کا کھیل
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز قومی ٹیم نے کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔ اسٹمپس کے وقت سعود شکیل 57 اور غازی غوری 7 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پہلے روز طیب عارف نے 57، محمد طہٰ نے 51 اور بابر اعظم نے 50 رنز بنائے، جبکہ اذان اویس 30 اور سلمان علی آغا 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
خراب روشنی کے باعث پہلے روز کا کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم کرنا پڑا اور مجموعی طور پر 67.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔
واضح رہے کہ ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔