Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے وکلا کی ملاقات کرانے کا حکم، سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی

 انسداد دہشت گردی عدالت کی پراسیکیوشن کو ملزمان تک وکلا کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت، ہادی علی چٹھہ کا شفاف ٹرائل کے لیے عدالت میں پیش کرنے کا مطالبہ۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے وکلا کی جیل میں ملاقات کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، جس میں ڈاکٹر شیریں مزاری، ایڈووکیٹ ریاست علی آزاد اور ایڈووکیٹ ایمل خان عدالت میں پیش ہوئے۔

 

عدالت نے ریاست علی آزاد، زینب جنجوعہ اور ایمل خان کو ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ سے جیل میں ملاقات کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

دوران سماعت ریاست علی آزاد نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے ملاقات کے بغیر مقدمے کی پیروی آگے بڑھانا مشکل ہے۔ اس پر عدالت نے پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ ملزمان تک وکلا کی رسائی یقینی بنانا ہوگی۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہیے۔ عدالت نے استغاثہ سے استفسار کیا کہ مقدمے میں مزید کتنے گواہ پیش کیے جانے ہیں، جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ استغاثہ کے نو گواہ ہیں۔

سماعت کے دوران ہادی علی چٹھہ نے عدالت میں پیش نہ کیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ شفاف ٹرائل کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آٹھ ماہ سے جیل میں ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ اپنا مقدمہ کیسے آگے بڑھائیں۔

ہادی علی چٹھہ نے مزید کہا کہ جیل میں ملاقات کی جگہوں پر کیمرے نصب ہونے کے باعث وکیل اور مؤکل کے درمیان آزادانہ گفتگو کیسے ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ عدالت فیصلہ کرے کہ وہ اور ایمان مزاری مجرم ہیں یا نہیں۔

عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More