واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کو خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب آنے والے تارکین وطن کے قافلوں کو فوری طور پر روکا جائے، بصورت دیگر میکسیکو پر عائد تجارتی محصولات میں دوگنا اضافہ کردیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں واضح کیا کہ امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن کے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کے بعد تارکین وطن کے قافلے ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگئے ہیں اور امریکا کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق تارکین وطن کے قافلوں کو روکنے کے لیے میکسیکو کی حکومت، ریاست ٹیکساس کے گورنر اور امریکی بارڈر پیٹرول کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر میکسیکو نے ان قافلوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو اسے بھاری معاشی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور تجارتی محصولات دوگنا کردیے جائیں گے۔