کراچی: حکومت سندھ نے سرکاری محکموں میں استعمال ہونے والی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ حکومت سرکاری وسائل کی بچت اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، مستقبل میں سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور مختلف محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور یونیورسٹیز و بورڈز کیلئے گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اداروں کیلئے نئی گاڑیاں خریدتے وقت الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی اور بتدریج سرکاری ٹرانسپورٹ کے نظام کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن پر ہونے والے اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے، حکومت سندھ چاہتی ہے کہ سرکاری ادارے بھی جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور روایتی ایندھن پر انحصار کم کریں۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شہری ماحول اور فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتا ہے، اسی لیے بلدیاتی اداروں میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
[…] رہے کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے فوری استعفے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ […]